اس گلی نے یہ سن کے صبر کیا
جانے والے یہاں کے تھے ہی نہیں
ہمارے بعد بھی شاید یہ بلدہء عظیم بہاولپور صبر کرلے مگر
شاید ہم کو قرار مشکل ہی آئے۔ جہاں بھی ہوں گے اس کی یادیں ہر پل دامن گیر ہوں گی۔ اس شہر سے تو بھی تویل
عرصے کی شناسائی ہے۔ احبابِ تاریخ جانتے ہوں گے کہ نواب صاحب بہاولپور نے اس شہر بنیاد میرے جدہ اعلی کے حکم پر رکھی
تھی۔ جامع مسجد الصادق پر ایک قدیم تختی
بھی چپساں تھی جو اس حقیقت کو بیان کرتی تھی جانے اب بھی ہے کہ حالات کی نذر ہو
گئی۔ مگر اس سے محبت مجھے سولہ سال قبل ہوئی۔ مجھے آج بھی وہ دن یاد ہے کہ جب حضرت
ابا جی قبلہ کا ہاتھ پکڑے میں اس شہر میں ٹھکانہ کرنے آیا۔ صادق پبلک سکول کا ایس
ڈی ہاؤس میرا اس شہر میں پہلا گھر تھا۔ کمال تو یہ ہے کہ تب بھی آنکھ نم تھی آج یہ
یہاں سے جاتے ہوئے بھی یہ آنکھ ویسے ہی نم ہے۔ ایس ڈی میں مختصر آیام گزارنے کے بعد
کے۔پی آ گئے۔ دوسال اُس بیت الحُب میں بسرکئے۔ کتنے چہرے کتنے نام کتنے منظر آج
بھی آنکھ بند کروں تو آنکھ کی پتلیوں پر رقص کرتے ہیں۔ جب پریپ سکول پہنچے تو ڈی
پی ہوگئے ہاسٹل چھوڑ دیا۔ والد صاحب نے
ہمشیرگان کو بھی صادق داخل کروایا۔ مکان نمبر 20-اے، گلی نمبر 9 ماڈل ٹاؤن اے۔میں
آج تک کبھی کبھی اس گلی سے گرزتا تھا۔ مجھے اس گھر کی عمارت میں والد صاحب کے ذوق
تعمیر کی خشبو آتی ہے۔ اس کے در ودیوار میں میرے بچپن کی یادیں آج بھی شاد و آباد
ہیں۔ مجھے اس دریچے کے غلابوں اور موتیے کے پھولوں کی خشبو آج بھی محسوس ہوتی ہے۔
اس کے باغیچے میں لگے فالسے کا ثانی آج تک میسر نہٰیں آیا جسے میں کئی بار چھپ چھپ
کے توڑ کے کھاتا تھا۔ خدا جانے جو منظر پسند ہوتے ہیں وہی کیوں قربان کرنے پڑتے
ہیں؟ ابا جی علیہ رحمت کے وصال تک وہیں رہے ۔ 2009 میں ان کے وصال کے بعد کچھ ایسے
حالات ہوئے کہ وہاں سے نکلنا پڑا۔ اور بس پھر ہاشمی گارڈن ہی ٹھکانہ بن گیا۔ صادق
کے دلکش فضا، اور ہاشمی گارڈن کا خاموش موسم دل کو ہر روز پہلے سے کہیں زیادہ بھاتا
گیا۔ صادق کوئے دلبراں ہے جانے کتنے افسانے اس دیارِ دلفروزکے اس سینے میں دفن
ہیں۔ چشمِ تخیل میں ہزارو چہرے ہیں اور ہر چہرے کے ساتھ منسلک سینکڑوں قصے۔ بچپن،
لڑکپن اور پھر جوانی سب اسی کی گود میں آئے۔ زندگی کا ہر سبق اسی دیار میں پایا۔ میں جب پہلی بار محبت نام کےجذبے سے واقف ہوا
تھا وہ کے پی کی ہی ایک سرد رات تھی ۔ دوستی کیا شے ہے؟ اس کے اصول کیا ہیں یہ
کیسی عظیم نعمت ہے یہیں تو معلوم ہوا۔ ہاسٹل میں ایک دوسرے کی مدد کرنے سے لے کر
آج ایک دوسرے کے لیے ہما وقت حاضر رہنا یہیں سے تو سیکھا ہے۔ زندگی کا کونسا درس
اس جگہ سے حاصل نہیں کیا؟ آج کم و بیش 16
سال بعد، 17اپریل 2006 کو شروع ہوا سفر جنوری 2022 کو ختم ہونے کو ہے۔ مسافر اپنے
گھر لوٹنے کو ہیں۔ مگر یہ کیسا مسافر ہے جو اس سرائے کو چھوڑ کر گھر جاتے ہوئے
اداس ہے۔ لمبے عرصے کے مسافر شاید ایسے ہی ہوتے ہوں گے۔ بہاولپور کو چھوڑنا بس
بہاولپورکو ہی چھوڑنا نہیں ہے دل میں ایک ڈر ایک خوف ہے کہ کہیں اس شہر سے وابسطہ
دیگر چیزیں لوگ وہ نہ چھٹ جائیں۔ ہم نہ لٹ جائیں۔ زندگی کا کلی حاصل اسی کوچے میں
تو ہے۔ یہ چھٹ کیا تو ہماری متاع کیا ہوگی؟ کچھ بھی نہیں۔ دل میں الوداع کا خوف ہے
شدید خوف کہتے ہیں کہ مسافرجب الوداع کہہ کر گھر جو جاتا ہے تو وہ سب شے جو
دورِغربت کی ہوتی ہے وہیں چھوڑ جاتا ہے۔ آہ مگر میں نے تو سب اسی دورِغربت میں
پایا ہے۔ یہاں کی ہر گلی سے میرے یادیں وابسطہ ہیں۔ ہر ہر موڑ پر میرے بچپن کے دن
ہیں۔ ہر ہر کوچے میں میرے قہقہے ہیں۔ اور سب سے زیادہ اہم، سب سے زیادہ بیش قیمت
وہ لوگ ہیں جن کے ساتھ میں نے اپنی آدھی عمر بسر کی ہے۔ غم کا سماں اس لیے ہے کہ
کہیں یہ دوریاں فاصلے نہ بن جائیں۔ مگر جانا بھی ضروری ہے وہ بھی یہ جانتے ہیں میں
بھی یہ جانتا ہوں
ایک دن کہنا ہی تھا اک دوسرے کو الوداع
آخرش سالمؔ جدا اک بار تو ہونا ہی تھا
ہر خواب روزِ ازل سے یہی تھا کہ عمر دیارِ مقدس مہارشریف
میں بسر ہوگی۔ آہ مگر اس کے لیے اس بلدہء الفت کو چھوڑنا ہوگا یہ کبھی خیال ہی نہ آیا۔ زندگی کی سولہ بہاریں اس شہر
میں دیکھی ہیں۔ آج ناصر بھائی یہی کہہ رہے
تھے ۔ ناصر بھائی الیکٹریشن ہیں 10 ، 12 سال سے جب بھی کوئی کام نکلتا ہے گھر میں
وہی کرتے ہیں آج حیرانی سے کہنے لگے واپس جا رہے ہو؟ میں نے یہاں سے واپس جاتے بہت
کم لوگوں کو دیکھا ہے۔ ان کی حیرانی بجا ہے کون کمبخت چاہے گا کہ اس بلدہء محبت کو
چھوڑ جائے۔ مگر آہ کہ بہ جز ایں چارہء دیگر ندارد۔ زندگی کو جینے کے لیے ایک قربانی اور صحیح۔
آنکھ میں ہے اشکِ غم، الوداع بہاولپور
چل دیئے واپس ہم، الوداع بہاولپور
آنکھ میں دل میں جگرمیں، تم بسو کے ہر جگہ
جب تلک ہے دم میں دم، الوداع بہاولپور
چل خسرو گھر اپنے، کہہ کہ ہم بھی چل دیئے
ہنستے ہنستے پیا سَم، الوداع بہاولپور
اب جو آئے بھی کبھی، بن کے مہاں آئیں گے
اب مقیم نہیں ہم، الوداع بہاولپور
شکریہ بہرِ عنائت اس حساں پر دوستو!
الوداع بحرِ کرم، الوداع بہاولپور
0 Comments