از آرامِ جاں تا سکونِ دل


 

اے ساکنانِ کوچہء دلدار دیکھنا
تم کو کہیں جو غالبِ آشفتہ سر ملے

کبھی کبھی میں یہ سوچتا ہوں کہ کہاں شہر کے عیش و عشرت، بے ضرر سی زندگی راحت اور آرام سے بھرپور، آرائشوں سے لبریز،  شاید میری جگہ کوئی دانش مند ہوتا تو کبھی بھی اُس طرزِ حیات کو ترک نہ کرتا۔ اکثر دوپہر کی گرمی  میں جب بجلی بھی نہ ہو اور یو پی ایس بھی تھک ہار کے بند ہوجائیں تو نیم کے درخت کے نیچے نیم برہنہ چارپائی پر پڑے ہوئے میں کل اور آج کا تقابل کرتا رہتا ہوں۔ کبھی سوچتا ہوں کہ صادق جیسے ادارے کا جینٹل مین، راحت و آرام پسند شخص وہ جس کی تنہائی میں اگر کوئی کبھی مخل بھی ہو جاتا تو اُسے ناگوار گزرتا کیسے آج محرومِ تنہائی ہے جس کا جب دل کرتا ہے بنا دروازے پر دستک دیے آتا ہے جب تک چاہے تنہائی میں مخل رہتا ہے اور چلا جاتا ہے۔لذت وآسائش کے نام پر نیم کا پیڑ ہے جس کی ٹھنڈی چھاؤں اے سی کی سرد ہوا کو بھی پچھاڑتی ہے۔ مجھے یاد آتا کہ یونیورسٹی کی جماعت میں اگر کوئی اے سی آہستہ کرنا چاہتا تو میں اُسے بھی ٹوک دیتا کہ بھئی رحم کرو اتنی تو گرمی پڑ رہی ہے۔ وہ لوگ شاید مجھے اب دیکھیں تو ہنس پڑیں کہ وہ جس کو اے سی آہستہ کرنے پر گرمی لگتی تھی آج ہاڑ کی گرمی میں نیم کی چھاؤں تلے پسینے میں شرابور راحت و سکون سے بیٹھا ہے۔ اسی کو تو آشفتہ سری کہتے ہیں یہی تو حقیقی دیوانہ پن ہے۔

 

2006 میں جب والد صاحب قبلہ نے صادق کے ہوسٹل کو روانہ کیا تو چپکے سے کان میں کہا رونا مت ایک دن یہیں تو واپس آنا ہے۔ اُس وقت مجھے اس جملے کی قدر و قیمت کا اندازہ نہیں ہوا۔ بعدازاں خود بہاولپور شفت ہو گئے مجھے ہوسٹل سے گھر لے آئے ہمشیرگان کا داخلہ بھی صادق میں ہوا مگر بار ہا دفعہ فرماتے تھے ایک دن مہارشریف ہی تو آنا ہے۔ والد صاحب قبلہ کی پھوپھی صاحبہ، موجودہ سجادہ نشین صاحب مہارشریف کی زوجہ کا وصال  ہوا، دوسرا دن تھا کہ سجادہ نشینِ قبلہ نے از راہِ شفقت والد صاحب کو کہا میاں خیر محمد بہاولپوری تو والد صاحب قبلہ تڑپ اُٹھے اور عرض کی سائیں اللہ میرے بالاں نوں وی بہاولپوری نہ بناوے۔ شالا ایسے مٹی اچ رہون۔ یہ سب چیزیں تب میری سمجھ سے بالاتر تھیں۔ ابھی بچپن تھا۔ جب لڑکپن آیا تو شاید مہار شریف کا تب بھی اتنا خیال نہ آتا تھا سوچ تھی کچھ پڑھیں گے نوکری کریں گے دنیا گھومیں گےوغیرہ وغیرہ ہر وہ خیال ذہن میں پہنپتا تھا جو ایم پندرہ سولہ سالہ نوجوان کے ذہن میں اپنے مستقبل کو لے کر پہنپتا ہے۔ رزق خدائے پاک کے کرم سے اور قبلہ عالمؒ کے پاپوش کے صدقے کبھی بھی مسلہ نہ تھا۔ نوکر چاکر شہر میں بھی میسر تھے اور رکشِ عمر اپنی رو میں رواں تھا۔

 

تقدیر کا لکھا یہی تھا کہ لڑکپن میں ہی دل سوئے کوچہء دلدار کھچنے  لگا۔ اچانک شہر کی رونق ویرانی لگنے لگی جی اس مشینی طرزِ زندگی سے بوجھل ہونے لگ گیا۔ سمجھنے کی کوشش  شروع کی کہ زندگی کامقصد وہی ہے کیا جس کو نظیر اکبر آبادی نے کہا تھا

؎ کھا ڈبل روٹی کلرکی کر  خوشی سے پھول جا

جوں جوں اس طرز زندگی سے اکتاہٹ ہوتی گئی دل سوئے شہر دلبراں کچھتا گیا۔ مجھے اکثر ایسا لگنے لگا کہ مہارشریف مقدس نگری مجھے صدائیں دیتی ہے کہ اے خمیرِ ما سوئے من بیا۔ یونی ورسٹی کے 4 سال بہت مشکل سے گزرے اکثر مہارشریف آتا رہتا۔ یہاں آکر تنہا بیٹھنے میں وہ لذت حاصل ہونے لگی جو بہاولپور کی محافل میں بھی میسر نہ تھی ہاں ایک محفل اس کا مقابلہ ضرورکرتی تھی ہماری محفلِ شبانہ (جس پر فقیر پہلے ایک مفصل تحریر لکھ چکا ہے)۔ یہاں کی گرمی میں وہ لطف حاصل ہونے لگا جو  وہاں کی بہاروں میں بھی نہ تھا۔ وہاں کی صاف فضاؤں پر اِس کی گرد آلود ہوائیں حاوی تھیں۔ وہاں کے بند گھرؤں  پہ یہاں کے کھلے صحن غالب تھے۔ معرکہء دل میں مہارشریف ہر طرح سے بہاولپور پر بھاری پڑتا تھا اور دل بار بارسرائیکی زبان کا ایک شہر کہتا  تھا

؎ ساڈا کل سرمایہ سب کجھ تُوں
اساں محل تے ماڑیاں کی کرنے؟

یقین کیجے تقریبا ایک سال اور ایک ماہ ہو گیا مجھے اس خطہء نور میں آباد ہوئے ہر لحظہ یوں لگتا ہے کہ اس سے مزید عشق ہوتا جا رہا ہے۔   بہاولپور میں ہر وقت اے سی زدہ کمرہ تھا  مگر یہاں پُر سکون نیند ہے۔ وہاں میں سکوت کا عادی تھا کہ بہت کم لوگ تھے جو دل پسند تھے۔ یہاں میں کئی لوگوں کے دل میں ہوں وہ آ کہ جب حال احوال کرتے ہیں تو سکوت چھبنے لگتا  ہے۔ نیم کی چھاؤں راحت بخش ہے اور گرمی میں پسینے سے شرابور قمیص  مجھے بھانے لگی ہے۔ وہ کسی نے خوب کہا  ہے ناں کہ محبوب اگر رنج بھی دے تو وہ محب کے لیے باعثِ راحت ہے۔بہاولپور میں آسانیاں بھی  سو نخروں سے اور نقاص کے بعد قبول کرنے والی روح یہاں کی سختیاں بھی ہنس کر جھیلتی ہے۔ بیدم شاہ  صاحب مرحوم نے فرمایا تھا

؎ اسی خاکِ آستاں  میں کسی دن فنا بھی ہوگا
کہ بنا ہوا ہے بیدؔم اسی خاکِ آستاں سے

میں نے بھی اسی  عقیدت کا اظہار کچھ الفاظ کے رد وبدل سے یوں کیا ہے

؎ اسی خاک میں کسی دن مِری خاک بھی ملے گی
کہ بنا ہے میرا خاکی اسی خاکِ آستاں سے

جب 2020 میں اسلام آباد جانے کا ارادہ کیا تو حضور قبلہ عالمؒ میں   روانگی سے ایک دن پہلے حاضری دی عرض پیش کی کہ حضور جو آپ کو منظور وہی غلام کی رضا، حاضر آستانِ پاک ہی تھا کہ دل میں خیال پیدا ہوا کہ استخارہ کروں شب میں استخارہ کیا تو مہارشریف کی گلیاں نظر آئیں۔ رضائے خداوندی جان گیا اور وہی ہوا اسلام آباد گیا تو صحیح پر نامراد ہی واپس لوٹا۔ شاید یہی گلیاں مقدر ہیں۔ اللہ ان گلیوں کی جاروبی میں ہی رکھے۔ آمین


Post a Comment

0 Comments