رات کا پہلا پل ہے اور قلم تھامے کچھ لکھنے کا من ہے مگر کیا؟ یہ بات سمجھ میں نہیں آرہی سو جوں جوں قلم چلتا جائے گا تحریر اپنے سر پیر خود ہی نکالتی جائے گی. میں کوئی قلم کار تو ہوں نہیں جو پہروں سوچوں اور پھر کہانی میں رنگ بھر کر اسے نکھار کر قلم سے کاغذ پر اتار دوں. میں تو درویش ہوں جب دل میں آیا تو قلم تھام کر ورق کالے کرنا شروع کر دیئے. اور جو کچھ ان ورقوں پر آیا وہی ہماری تحریر ہے. یہ غیب سے اترنے والے الفاظ ہیں جو کبھی دل کی باتوں کی صورت میں کاغذ پر اترتے ہیں تو کبھی دماغ کیا سوچوں کی صورت کبھی محبت کے رنگین افسانے بن کر اور کبھی عداوت کے زہریلے رنگ بن کر. کبھی اخوت کی کہانی بن کر تو کبھی نفرت کا زہر بن کر کبھی وصل کا خوش ذائقہ پھل بن کر اور کبھی ہجر کا کھارا پانی بن کر کاغذ پر اترتے جاتے ہیں اور ہم آپ کو سناتے جاتے ہیں. کبھی ان کے نوک پلک سنوارنے کی بھی زحمت نہیں کی کہ کہیں دل کی بات کو دلدار تک پہنچانے میں کہیں کوئی ردوبدل نہ ہوجائے.
ہر بات کا مقصود اس تک بات کی رسائی ہے. اگر دل کی باتوں کی نوک پلک سنوارنی شروع کردی جائے تو بس پھر وہ دل کی بات تو نہ رہی عقل کا دخل ہو گیا اور یہی عقل تو ہے جس کا کو عشق سے ہمیشہ سے چڑ ہے. حضرت اقبال نے اسی لیے تو کہا تھا کہ کبھی کبھی دل کو تنہا بھی چھوڑ دے. وہ اسی مقام سے متعلق ہی تو ہے عشق میں عقل سے فیصلہ نہ کر بلکہ دل کی سن سو محبوب کو جب دل کی بات پہچانا مقصود ہو تو کجا ذکرِ عقل و خرد؟ یہ بے وجہ تحریر یہ فضول بات اسی لیے تو ہے کہ اس تک پہنچ جائے شاید یہی بے وجہ چیز اس کی نظروں کی زینت ہو جائے اور یہی تحریر اس کو دوسری تحریروں تک لانے کا وسیلہ بن جائے اور شاید یونہی کسی بے معانی بات کا وہ معنی سمجھ جائے. اور یونہی کسی بے وجہ بات پر وہ بے وجہ مسکرا دے تو ایمان سے بتائیے کیا مقصدِ حیات اس سے اگے بھی کچھ ہے؟ زندگی کا حاصل تو یہی ہے کی اس کی خوشنودی کا باعث بنا جائے خواہ وہ کسی خوامخواہ کی تحریر سے ہی کیوں نہ ہو....
خوب اس دنیا میں موجود محبوبِ مجازی کی خوشنودی کے لیے اتنے جتن مگر اس محبوبِ حقیقی کے لیے کچھ نہیں؟ سب عبث بیکار، سب عبث بیکار، سب عبث بیکار
آتے ہیں غیب سے یہ مضامیں خیال میں
غالب صریرِ خامہ نوائے سروش ہے
1 Comments
ماشاءاللہ۔
ReplyDeleteکمال تحریر فرمائی حضور