نعمتِ دیدار

 


اُٹھ رہی ہے وہ آنکھ  رک رک کر
قتل میں ہو رہا ہوں قسطوں میں!!

31 مارچ 2022ء بمطابق 27 شعبان المعظم 1443ھ بروز پنج شنبہ

یہ تاریخ بھی ان چند تاریخوں کے ساتھ آج دل کے ورق پر رقم ہوگئی ہے کہ جن تاریخوں میں مجھے اُن کےدیدار کی سعادت کی نصیب ہوئی۔ جس نے بھی کہا تھا  سچ کہا تھا کہ ایں سعادت بہ زورِ بازو نیست۔۔۔ تا نہ بخشند خدائے بخشندا۔ جب مقدر اپنے بخت کے عروج پر ہو اور اس کی سیاہی پر خدا وند کریم کو رحم آجائے اور وہ اپنے بندہِ گناہگار پر اپنی رحمتوں کے دروازے وا کردے تووہ عشاق کو دیدارِ یار کی نعمت سے سرفراز فرماتا ہے۔ اور اُس یار کی اک جھلک پا کر دلِ بیقرار کو قرار ملتا ہے۔ نگاہِ تشنہ کی پیاس جھٹ سے ختم ہو جاتی ہے اور وہ نگاہ بجائے فریاد و فغاں کہ، شکر کے جذبات میں بہنا شروع کر دیتی ہے۔ وہ رب جب تڑپتے ہوئے دل کو راحت بخشنے کا ارادہ فرما لے اور یہ  چاہے کہ جو آنکھ ہجر کی مصیبتوں میں اُس سے درخواست کرتے ہوئے روئے جا رہی ہے یہ شکر کے آنسوبہائے  تو وہ کریم وصل کےایسے اسباب پیدا کرتا ہےکہ عاشق و معشوق دونوں ہی اُن سے بے خبر ہوتے ہیں اور عاشق جب آچانک سے محبوب کو اپنے روبرو پاتا ہے تو تسکیں کے ساتھ شکر کے سجدے بھی بجا لاتا ہے۔

کبھی سوچیئے کہ کسی سے ملنے کے واسطے آپ نے سالہا سال دعائیں کیں ہوں اشک بہائے ہوں اور پھر ایک دن اچانک سے آ کسی جگہ بلا ارادہ گئے ہوں اور وہاں وہ شخص آپ سے مل جائے تو کیا کہا جائے گا؟ جُز اس بات کے یہ خدائے لم یزل کی رحمت ہے اور اب وہ چاہتا تھا کہ اس سالہا سال سے تڑپتے ہوئے دل کو راحت بخش دوں۔ یہ اُسکی بہترین پلاننگ ہے  اور بے شک وہ سب شے عمدہ پلاننگ کرنے والا ہے۔ جب اس نے سالہا سال مجھے ہجر کی سختیوں سے آزمایا اور ہر روز ان سختیوں کو تیز سے تیز ترکرتا گیا غریب الوطنی سے لیکر ہجرِ دائمی تک کونسی ایسی سختی ہے جو عشق میں جھیلی نہ گئی ہو وہیں جب جب وہ چاہتا رہا تب تب دیدار کی دولت سے مالا مال بھی فرماتا رہا۔ہاں کبھی لذتِ وصل میسر نہ آئی یا شاید اُس کی پلاننگ میں ابھی وقتِ وصل  نہیں آیا مگر کبھی نہ کبھی جب ہجر جان لیوا ہونے لگتا تو کسی نہ کسی حیلے سے بہانے سے دولتِ دید میسر آجاتی۔ اور ہر تاریخ اس دل پر رقم ہوتی جاتی۔

گماں میں بھی نہ تھا کہ آج بھی ایسا ہی بابرکت دن ہے کہ جب اللہ رب العزت یہ چاہتا ہے کہ اس کے بیقرار دل کو قرار بخش دیا جائے۔ ہائے وہ آنکھیں جنہیں دیکھتے ہی میں جہان سے بے نیاز ہوگیا۔ خدا جانے فارغ کھڑا تھا یا کچھ کام کر رہا تھا۔بس اچانک اپنے سے کچھ دور  دو آنکھوں پر یہ آنکھیں پڑ گیں۔ وہ آنکھیں جن کے بارے میں حضرت امیر خسروؒ نے کہا تھا "یکا یک از دل دو چشمِ جادو، بصد فریبم ببرد تسکیں" ہائے وہ آنکھیں۔  حیرت ہے شاید آخری بار یہ آنکھیں پانچ سال پہلے دیکھی تھیں مگر ایک لمحے کے کروڑویں حصے میں یہ پہچان لیا کہ یہ وہی آنکھیں ہیں جنہوں نے دل کا قرار لوٹ رکھا ہے۔ پس پردہ ہیں تو پھر کیا؟ رخ پر اگر نقاب ہے توکیا ہوا؟ یہ نقاب تو میری ہستی کی طرح گزشتہ سولہ سال سے ہمارے درمیان حائل ہے جس دن حجابِ ہستی اُٹھ گیا نقابِ رخ اٹھنے میں وقت ہی کتنا لگے گا؟ وہ کسی نے کیا خوب کہا ہے ناں
خود کو نہ دیکھنا ہے تجھے دیکھنے کی شرط
جو درمیاں حجاب ہے حائل یہی تو ہے

اور تو اور حضرتِ دل کی بھی سُنیے ان موصوف نے لمحہ بھی ضائع نہ کیا جوں ہی آ نکھ اُن آنکھوں پر پڑی جناب دل نے دھڑکنیں روک لیں۔ ہزارو آنکھوں میں یہ ان دو آنکھوں کو نہ صرف پہچان گئے بلکہ دھڑکنیں روک کر جان کا نذرانہ دینے کا عہد  وفا کرنے کا عملی ثبوت پیش کرنے لگے۔ آنکھ شاید ایک یا دو سیکنڈ میں یہ سب کچھ ہوتا گیا۔ خود گماں کیجیے کہ آپ ایک جگہ ساقط ہیں تو کسی کو خاموشی سے آنکھیں جھکائے وہاں سے گزرنے میں کتنا وقت لگتا ہے؟ مگر  بقولِ داغؔ "جنابِ حضرتِ دل بھی عجب الو کے پٹھے ہیں" اور میرے اپنے بقول " لے جاوئے مجھے کھینچ کے  بالوں سے وہاں روز" ہر چیز سے دل مجھےبیگانہ کر کے اس جگہ تک لے گیا جہاں  سے وہ یارِ فسوں گر جاتا ہوا دکھائی دے۔ میرے ہاتھ میں کچھ تھا شاید ٹرے تھا وہ بھی تقریباََ پھینک دیا۔ احباب کھانا کھا رہے تھےان کے سے پھلانگتا ہوا خدا جانے کیسے وہاں تک پہنچا کہ انہیں بس جاتا دیکھ سکوں اور پھر خدا جانے خدا کو کیا منظور تھا اس بات سے بے خبر کہ کوئی زمانے سے آنکھیں بچا کر اس کو جاتا ہوا دیکھے جاتا ہے وہ اچانک پیچھے مڑے شاید رفیقانِ سفر کو دیکھنے کے لیے پر پھر جیسے انہیں احساس ہو کہ کوئی چوری چوری انہی کی تاک میں ہے  رفتہ رفتہ وہ پلکیں اٹھتی گئیں اور دل جو ان پلکوں پر نظریں گاڑھے بیٹھا تھا لٹتا گیا

آنکھ راہزن نہیں تو پھر کیا ہے؟
لوٹ لیتی ہے قافلہ دل کا

جونہی وہ نگاہِ ناز مجھ پر پڑی اللہ اللہ عجب لذت تھی۔ گویا کسی پیاسے کو مدتوں بعد پانی مل گیا ہو۔ یا صحرا کہ مسافروں کو جب امیدِ حیات ماند پڑ چکی تھی تو اچانک نخلستان آ گیا ہو۔کیا کہوں کیا تھا وہ لمحہ شاید پیر نصیر الدین شاہ نے اسی کے بارے میں کہا  تھا" نہ جانے وہ ایک لمحہ قرب کیا تھا" اور اگلے مصرعے میں لمحے کی کیا حوبصورت تشریح کی ہے "تعاقب میں جس کی زمانے لگے ہیں"۔ ہمیں بھی زمانوں کے بعد یہ سعادت ملی کہ ان کی اک نگاہ صرف ہمارے لیے اُٹھی تھی ۔مگر  انہیں بھی  یقین ہوگیا کہ کوئی تاک میں ہے لہذا وہ لمحے بھر میں نگاہوں سے اوجھل ہو گئے۔یہی تو محبوب کا شیوہ ہے۔ ساجد صاحب نے خوب کہا تھا ناں " بس انکا یہ منشا ہے دیدار نہ ہو جائے"۔ وہ تو چل دیے مگر  ہائے جہانِ دل لوٹے لے گئے آہ دل کے زخموں پر مرحم لگا کر وہ کئی نئے زخم  بھی دے گئے۔  وہ کسی نے خوب کہا تھا

وہ اپنے چاہنے والوں کو اس طرح سے تڑپاتے ہیں
نشتر بھی چبھوئے جاتے ہیں مرحم بھی لگایا جاتا ہے

مگر حضور یار رکھیے عمر بھر کے لیے یہ اک نظر جو خالصاَََ میرے لیے ہی اٹھی اکثیر ہے۔ کسی نے کہا تھا کہ جینے کے لیے محبوب سے ایک ملاقات کافی ہے مگر وہ جو خالصاََ صرف عاشق کے لیے ہو، مگر میں کہتا ہوں کہ زندگی بسر کرنے کے لیے بس محبوب کی ایک توحید بھری نگاہ کافی ہے جس میں عاشق کے ساتھ وہ کسی کو شریک نہ کرے۔ اور عاشق پر فرض ہے کہ اس نظر کے علاوہ کسی اور کی نذر کا قائل نہ ہو ورنہ تباہ ہو جائے گا۔

گفتم اے جانِ من و جانان من
دردِ پنہانِ من و درمانِ من
آتشِ عشقِ تُو جانم سوختہ
روز بر راہے تُو دیدہ دوختہ

گفت اے مجنونِ من فرہادِ من
عاشقی اے عاشقِ ناشادِ من
دلبر او یا بد کہ دل را خوں  کند
دیدِ لیلی دیدہء مجنوں کند

Post a Comment

0 Comments